اس سال موسم حج 1444ھ کی کامیابی کے موقع پر رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے مبارکباد:

بیان
مکہ مکرمہ:

رابطہ عالم اسلامی  نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد اور وزیر اعظم  شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز-حفظہما اللہ- کی قیادت میں رواں سال  موسم حج  1444 کی کامیابی کے موقع پر سعودی عرب کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل عزت مآب شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے   رواں سال موسم حج کی  عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے جو مملکت کی حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی خدمت اور اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں مملکت کے روشن باب میں اضافہ ہے۔اور  یہ کامیابی  اللہ تعالی کے خاص فضل وکرم سے  حاصل ہوئی جس میں مملکت سعودی عرب کی حکومت اور اس کے مربوط نظام کی عظیم کاوشیں شامل ہیں جنہوں نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی براہ راست نگرانی میں بہترین کارکردگی،ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلی  معیار کےمطابق خدمات سرانجام دیں۔
ڈاکٹر العیسی نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خدمات، سروسز کے معیار کو بہتر بنانے اور حجاج کرام کی سہولت کے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے اس کی انتھک کاوشوں کی ستائش کی ہے تاکہ حجاج کرام امن وسکون اور سہولت کے ساتھ فریضۂ حج اداکرسکیں۔
آپ نے اختتام ان کلمات پر کیا کہ :ہم موسم حج کی کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر بجالاتے ہیں۔دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی حجاج کرام کا حج قبول فرمائے اور انہیں  بحفاظت اپنے اہل خانہ    تک واپس پہنچائے۔ہم اللہ تعالی سے دعاگو ہیں کہ وہ خادم حرمین شریفین اور ان کے ولی عہد کی حفاظت فرمائے اور انہیں  حجاج کرام اور امت مسلمہ کی طرف سے جزائے خیر عطافرمائے۔مملکت سعودی عرب کو اسلام اور مسلمانوں  کے لئے ذخیرہ بنائے اور مملکت کے امن ،عظمت اور خوشحالی کو  دوام بخشے۔

Saturday, 1 July 2023 - 13:56